بالی وڈ اداکار سلمان خان نے اپنی فلم اور اداکارہ شردھا کپور کی فلم ایک ہی دن ریلیز ہونے پر ان سے معذرت کرلی۔ دونوں فلمیں 4 دسمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کی فلم ’ماترو بھومی‘ (Maatrubhumi) اور شردھا کپور کی فلم ’ایٹھا‘ (Eetha) کی ریلیز کی تاریخ ایک ہی مقرر کی گئی ہے، جس پر سلمان خان نے شردھا کپور سے رابطہ کرکے معافی مانگی۔
سلمان خان نے ریلیز کی تاریخ پر افسوس کا اظہار کیا
سلمان خان نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ شردھا کپور کی فلم ’ایٹھا‘ بھی 4 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔ ان کے مطابق ان کی ٹیم نے بھی اسی تاریخ کا انتخاب کرلیا، جس پر انہیں اب افسوس ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ اگر انہیں پہلے سے اس تاریخ کے بارے میں علم ہوتا تو وہ شردھا کپور کی فلم کے ساتھ اپنی فلم ریلیز نہ کرتے۔
سلمان خان نے بتایا کہ ان کی فلم پہلے 20 نومبر کو ریلیز ہونے والی تھی، تاہم ایک پریس اسکریننگ کے دوران فلم کے بصری اثرات (ویژول ایفیکٹس) میں کچھ خامیاں سامنے آئیں، جس کے بعد ریلیز سے قبل ان پر مزید کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سلمان خان کے ساتھ کام کرنے پر ٹائیگر شروف کو نشانہ بنایا گیا، بشنوئی گینگ کا دعویٰ
شردھا کپور نے کیا جواب دیا؟
سلمان خان کے مطابق انہوں نے شردھا کپور کو فون کرکے معذرت کی، جس پر اداکارہ نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اتنی گنجائش موجود ہے کہ دونوں اداکاروں کی فلمیں ایک ہی دن ریلیز ہوسکتی ہیں۔
دوسری جانب سلمان خان نے اپنے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 4 دسمبر کو دونوں فلمیں دیکھیں۔
ماخذ: جیو نیوز، بھارتی میڈیا رپورٹس
