پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شدید دھند اور حد نگاہ متاثر ہونے کے باعث موٹرویز کے متعدد سیکشنز کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، جبکہ لاہور ایک بار پھر فضائی آلودگی کے لحاظ سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹروے ایم ون پر پشاور مین ٹول پلازہ سے رشکئی تک ٹریفک معطل کردی گئی ہے۔
کون سی موٹرویز بند ہیں؟
دھند کے باعث موٹروے ایم ٹو پر لاہور سے ہرن مینار تک ٹریفک بند ہے، جبکہ ایم تھری پر لاہور سے جڑانوالہ تک گاڑیوں کا داخلہ روک دیا گیا ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم فور پر پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک اور لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون کو بھی بند کردیا گیا ہے۔
موٹرویز کی بندش کا مقصد کم حد نگاہ کے باعث ممکنہ ٹریفک حادثات سے بچاؤ ہے۔
پاکستان میں شدید دھند، موٹرویز بند اور لاہور میں فلائٹ شیڈول متاثر
لاہور فضائی آلودگی میں پہلے نمبر پر
دوسری جانب فضائی آلودگی کے عالمی اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں پارٹیکولیٹ میٹر کی تعداد 489 ریکارڈ کی گئی، جس کے ساتھ شہر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر رہا۔
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 245 پارٹیکولیٹ میٹر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں گوجرانوالہ میں پارٹیکولیٹ میٹر کی تعداد 556، بہاولپور میں 463، سرگودھا میں 382 اور ملتان میں 255 ریکارڈ کی گئی۔
ماخذ: جیو نیوز
