وزیراعظم شہباز شریف نے یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کے تحت قرضوں کی زیادہ سے زیادہ حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے علاوہ خواتین کے لیے 30 فیصد قرضے مختص کرنے اور قرض حاصل کرنے کی کم از کم عمر 21 سے کم کرکے 18 سال کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔
لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے اور زرعی سرگرمیوں کے لیے قرضوں کی فراہمی سے متعلق اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قرض فراہمی کے پروگرام میں خواتین کی شرکت یقینی بنانے کے لیے 30 فیصد قرضے ان کے لیے مختص کیے جائیں۔ انہوں نے نوجوانوں کے لیے قرض حاصل کرنے کی عمر کی کم از کم حد بھی 21 سال سے کم کرکے 18 سال کرنے کی ہدایت کی۔
قرضوں کی حد میں اضافہ اور آسان اقساط کی سہولت
وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کے تحت قرضوں کی زیادہ سے زیادہ حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کردی گئی ہے۔
ان اسکیموں کے تحت ذاتی قرضے بھی آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے، تاکہ نوجوان اپنی مالی ضروریات کے مطابق قرض حاصل کرکے کاروبار شروع کرنے یا زرعی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے قابل ہوسکیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال ان اسکیموں کے تحت نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے مجموعی طور پر 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
پاکستان نے معاشی تاریخ کا نیا باب رقم کر دیا، قرضہ مقررہ مدت سے قبل واپس
سمیڈا کو نوجوانوں کی معاونت کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سمیڈا (SMEDA) کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کو صرف قرض فراہم کرنے تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ انہیں کاروبار شروع کرنے، کاروباری مشاورت اور تکنیکی معاونت کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت انہیں بااختیار بنانے اور ان کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے پرعزم ہے۔
اب تک 5 لاکھ 81 ہزار سے زائد نوجوان مستفید
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوری 2023 سے اب تک 5 لاکھ 81 ہزار 341 نوجوانوں کو ان اسکیموں کے تحت قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ اس عرصے میں مجموعی طور پر 313.9 ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے۔
بریفنگ کے مطابق مالی سال 2026-27 کے دوران 2 لاکھ 66 ہزار 700 نوجوانوں کو مجموعی طور پر 292 ارب روپے کے قرضے فراہم کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
قرضوں کی حد میں اضافے، خواتین کے لیے مخصوص حصہ مختص کرنے اور کم عمر نوجوانوں کو اہل بنانے کے اقدامات کو ان اسکیموں میں اہم تبدیلیوں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
