ابوظبی ٹی 10 لیگ میں شرکت کے لیے منتخب پاکستانی کرکٹرز کو تاحال پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے این او سی جاری نہیں کیے جاسکے، جس کے باعث کھلاڑیوں کی شرکت غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق لیگ میں منتخب ہونے والے قومی کرکٹرز ابھی تک بورڈ کی اجازت کے منتظر ہیں، جس کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا ہے۔ دوسری جانب لیگ کی مختلف فرنچائزز نے بھی پاکستانی کھلاڑیوں سے رابطے شروع کردیے ہیں اور انہیں جلد از جلد این او سی حاصل کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مقررہ وقت تک کھلاڑیوں کو پی سی بی کی جانب سے اجازت نہ ملی تو فرنچائزز کو اپنے اسکواڈ میں تبدیلی کرنا پڑسکتی ہے۔
کن پاکستانی کھلاڑیوں کو لیگ کے لیے منتخب کیا گیا؟
ابوظبی ٹی 10 لیگ میں شرکت کے لیے متعدد پاکستانی کرکٹرز کو مختلف ٹیموں نے منتخب کیا ہے۔ ان میں فخر زمان، افتخار احمد، نسیم شاہ، فہیم اشرف، سفیان مقیم اور عباس آفریدی شامل ہیں۔
ان کے علاوہ حسن نواز، علی رضا، اعظم خان، خواجہ نافع، عاکف جاوید اور سلمان ارشاد بھی لیگ کا حصہ ہوں گے۔
خوشدل شاہ اور حیدر علی کو بھی ابوظبی ٹی 10 لیگ کی مختلف ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے۔
محمد عامر افغانستان پریمیئر لیگ میں ایکشن کیلئے تیار، رجسٹریشن کرالی
این او سی نہ ملنے پر متبادل کھلاڑیوں کی شمولیت کا امکان
ابوظبی ٹی 10 لیگ 7 سے 20 نومبر تک کھیلی جائے گی۔ ایونٹ کے آغاز میں کم وقت باقی رہنے کے باعث فرنچائزز پاکستانی کھلاڑیوں کے این او سی کے حوالے سے صورتحال واضح ہونے کی منتظر ہیں۔
ذرائع کے مطابق اگر پی سی بی نے مقررہ وقت تک کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہ کیے تو متعلقہ ٹیمیں ان کی جگہ متبادل کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کرلیں گی۔
فی الحال پاکستانی کرکٹرز کی لیگ میں شرکت کا انحصار بورڈ کی جانب سے این او سی کے اجرا پر ہے، جبکہ اس حوالے سے پی سی بی کے حتمی فیصلے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
