وزیرآباد میں خوبصورتی اور شہری سہولیات کے منصوبوں پر کام تیز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گوجرانوالہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گڈ گورننس انیشیٹیوز اور خوبصورت پنجاب پروگرام کے تحت وزیرآباد میں خوبصورتی، تزئین و آرائش اور شہری سہولیات کے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ؍وزیرآباد نوید احمد نے شہر کا تفصیلی دورہ کرکے جاری منصوبوں اور شہری سہولیات کا موقع پر جائزہ لیا۔

latest urdu news

بابِ وزیرآباد منصوبے کا معائنہ

ڈپٹی کمشنر نے سیالکوٹ روڈ پر زیر تعمیر بابِ وزیرآباد کا معائنہ کیا، جہاں منصوبہ تکمیل کے مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد شہر کے داخلی راستے کو خوبصورت، دیدہ زیب اور جدید انداز میں استوار کرنا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے پر جاری تعمیراتی کام اور اب تک ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر نوید احمد نے ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کام میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

لاڈو پلی پر تزئین و آرائش کے کام کا جائزہ

ڈپٹی کمشنر نے لاڈو پلی کا بھی دورہ کیا، جہاں شہر کے تاریخی اور ثقافتی حسن کو اجاگر کرنے کے لیے پینٹنگز کی تنصیب سمیت خوبصورتی کے مختلف کام جاری ہیں۔ انہوں نے گرین بیلٹس اور جاری ترقیاتی و تزئین و آرائش کے کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے منصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ حاصل کی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ خوبصورت پنجاب پروگرام کے تحت جاری تمام منصوبے مقررہ مدت میں معیاری انداز میں مکمل کیے جائیں۔ ساتھ ہی گرین بیلٹس اور خوبصورتی کے مقامات کی باقاعدگی سے دیکھ بھال کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

واٹر فلٹریشن پلانٹ کا معائنہ

ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے مسلم ہینڈز این جی او اور تحصیل انتظامیہ کے تعاون سے چلنے والے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے پلانٹ کی کارکردگی، پانی کے معیار اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔

سی ای او جی ڈبلیو ایم سی کا مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی آپریشن کا جائزہ

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور معیاری پینے کے پانی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور پلانٹ کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی جاری رکھی جائے۔

اللہ ہو چوک ریڑھی بازار کا دورہ

ڈپٹی کمشنر نے اللہ ہو چوک ریڑھی بازار کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے بازار کے انتظامات، صفائی ستھرائی، ٹریفک کی روانی اور شہری سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ریڑھی بانوں، دکانداروں اور شہریوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے اور مختلف امور پر تجاویز بھی حاصل کیں۔

انہوں نے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ بازار میں صفائی ستھرائی، نظم و ضبط، ٹریفک کی روانی اور شہری سہولیات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں اور دکانداروں کو صاف ستھرا، منظم اور سہل ماحول فراہم کیا جا سکے۔

منصوبوں کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت

ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ عوامی سہولیات میں بہتری، شہری مسائل کا بروقت ازالہ اور خوبصورت و منظم شہری ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرآباد کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری منصوبوں کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فیلڈ میں موجود رہ کر منصوبوں کی رفتار اور معیار کا مسلسل جائزہ لیں تاکہ تمام کام مقررہ مدت اور مطلوبہ معیار کے مطابق مکمل کیے جا سکیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter