بنگلادیش نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز برابر کرنے کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں شاندار ترقی کرتے ہوئے پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا اور اپنی تاریخ کی بہترین پوزیشن حاصل کرلی۔
آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کرنے کے بعد بنگلادیش نے رینکنگ میں تین درجے ترقی کی اور چھٹی پوزیشن پر پہنچ گیا، جو ٹیسٹ کرکٹ میں اس کی اب تک کی بہترین رینکنگ ہے۔
تازہ رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے، جبکہ جنوبی افریقا دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر ہے۔ بھارت چوتھی اور انگلینڈ پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔
بنگلادیش چھٹے نمبر پر پہنچ گیا ہے، جبکہ سری لنکا ساتویں اور پاکستان آٹھویں پوزیشن پر موجود ہے۔
بنگلادیش نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کا آغاز تاریخی کامیابی سے کیا تھا اور پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر آسٹریلوی سرزمین پر اپنی پہلی ٹیسٹ فتح حاصل کی۔
آئی سی سی نے ٹیسٹ اور ٹی 20 کھلاڑیوں کی رینکنگ جاری کر دی
تاہم دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلوی ٹیم نے بھرپور انداز میں واپسی کرتے ہوئے بنگلادیش کو ایک اننگز اور 51 رنز سے شکست دی، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔
دوسری جانب قومی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ابتدائی میچ میں بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں پاکستان کی ٹیسٹ رینکنگ مزید متاثر ہوئی اور ٹیم آٹھویں نمبر پر چلی گئی۔
