ناروے کے علاقے سوالبارد میں سوتے ہوئے قطبی ریچھ کو کشتی کا ہارن بجا کر جگانے والے شخص پر 5 ہزار 255 ڈالر کا جرمانہ عائد کردیا گیا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 13 لاکھ روپے بنتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کشتی سوالبارد کے پانیوں میں سفر کر رہی تھی، جہاں عملے اور مسافروں نے خشکی پر ایک قطبی ریچھ کو آرام کرتے ہوئے دیکھا۔ اسی دوران کشتی پر موجود ایک شخص نے فوگ ہارن بجا دیا، جس کی آواز سے ریچھ کی نیند متاثر ہوئی اور وہ اٹھ کر دوسری جگہ منتقل ہوگیا۔
واقعہ اگست کے آغاز میں پیش آیا، جس کے بعد مقامی حکام نے ریچھ کو بلاوجہ پریشان کرنے اور اسے اپنی جگہ چھوڑنے پر مجبور کرنے کے معاملے کا نوٹس لیا۔ گورنر کے دفتر نے ہارن بجانے کے عمل کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے جرمانہ عائد کیا۔
ہارن بجانے والے شخص نے جرمانہ ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔ حکام کے مطابق سوالبارد کے مقامی قوانین کے تحت قطبی ریچھ کا بلاوجہ تعاقب کرنا، اسے پریشان کرنا یا اس کے قدرتی رویے میں مداخلت کرنا جرم ہے۔
سوالبارد قطب شمالی سے تقریباً 620 میل کے فاصلے پر واقع ہے اور یہ خطہ قطبی ریچھوں سمیت کئی نایاب جنگلی حیات کا مسکن ہے، اسی لیے یہاں جانوروں کے تحفظ سے متعلق قوانین سخت ہیں۔
