جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف آج ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی کے مطابق مختلف شہروں میں 510 مقامات پر دھرنے دیے جائیں گے اور احتجاجی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ملک بھر کی اہم شاہراہوں پر عوامی احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کے دوران سڑکیں بند کی جائیں گی، تاہم ایمبولینسز اور ہنگامی سروسز کی گاڑیوں کو گزرنے کی اجازت دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، پشاور، فیصل آباد اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ کراچی میں شام 4 بجے مختلف علاقوں سے احتجاجی قافلے روانہ کیے جائیں گے۔
منعم ظفر خان کے مطابق کراچی میں شاہراہ پاکستان، حب روڈ، نیشنل ہائی وے، سپر ہائی وے، اورنگی، کورنگی، پاکستان چوک اور شیر شاہ سے احتجاجی قافلے نکلیں گے، جو مزار قائد پر جمع ہونے کے بعد بڑے احتجاجی کارواں کی شکل میں شارع فیصل کی جانب روانہ ہوں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں اور مہنگائی کے خلاف آواز بلند کریں۔
