لاہور: پنجاب میں مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث محکمہ موسمیات اور پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مزید بارشوں، سیلاب اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پیشگوئی کے مطابق بارشوں کا موجودہ اسپیل 24 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
لاہور سمیت مختلف اضلاع میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش متوقع ہے۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ واسا نے بھی نکاسی آب کے انتظامات کے لیے تمام عملے کو الرٹ کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مسلسل بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ دریائے چناب میں مرالہ اور قادرآباد پر نچلے درجے اور خانکی پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ اس کے برعکس دریائے راوی، ستلج اور جہلم میں پانی کا بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق ہے، جبکہ نالہ بئیں میں بھی نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح مزید بلند ہو سکتی ہے، اس لیے نشیبی علاقوں اور دریاؤں کے کناروں پر رہنے والے افراد احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ حکومت کی جانب سے ممکنہ متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس بھی قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
پنجاب میں مون سون بارشوں کے 11ویں اسپیل کا الرٹ جاری
دوسری جانب ریسکیو حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش اور آندھی سے متعلق مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 37 افراد زخمی ہوئے۔ گجرانوالہ، پاکپتن، ساہیوال، لاہور، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، بہاولنگر، مری اور کہوٹہ سمیت مختلف علاقوں میں چھتیں اور دیواریں گرنے، کرنٹ لگنے، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ کامونکی انڈر پاس میں جمع بارش کے پانی میں ڈوب کر ایک بچہ بھی جان کی بازی ہار گیا۔
