جماعت اسلامی پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور ٹیکس کے خلاف 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے عوام، خصوصاً نوجوانوں سے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرول پر عائد لیوی عوام پر اضافی بوجھ ہے اور اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ سڑکوں پر نکلیں، اپنی موٹر سائیکلیں کھڑی کرکے پرامن انداز میں احتجاج ریکارڈ کروائیں۔
انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر بھی شہر میں پیٹرول لیوی کے خلاف احتجاجی پروگرام کا اعلان کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج مکمل طور پر پُرامن ہوگا اور عوام اپنے حق کے لیے بھرپور آواز بلند کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں عوام کے سامنے ایک دوسرے کی مخالف دکھائی دیتی ہیں، جبکہ حقیقت میں اتحادی ہیں اور محض "نورا کشتی” کر رہی ہیں۔
