گجرات: صدر پولیس اسٹیشن کے قریب مین چوک میں پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں تیز رفتار ڈمپر ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار خاتون جاں بحق جبکہ ان کے شوہر شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار میاں بیوی چک سادہ سے گجرات کی جانب آ رہے تھے کہ صدر تھانہ کے قریب مین چوک میں مبینہ طور پر رانگ سائیڈ سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر ٹرک نے انہیں ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے میں 56 سالہ نسیم مائی زوجہ ہاشم علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ 70 سالہ ہاشم علی ولد غلام محمد شدید زخمی ہو گئے۔ دونوں متاثرین کا تعلق ضلع خانیوال سے بتایا جاتا ہے۔
ایبٹ آباد: اسکول کے طلبہ کو ڈمپر نے کچل ڈالا، 3 بچے جاں بحق، 5 شدید زخمی
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق خاتون کی میت اور زخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات منتقل کر دیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ حادثے کے ذمہ دار ڈمپر ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
