فیفا ورلڈ کپ سے واپسی پر ناروے کی قومی فٹبال ٹیم کا دارالحکومت اوسلو میں تاریخی اور شاندار استقبال کیا گیا، جہاں ایک لاکھ سے زائد مداحوں نے اپنی ٹیم کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے جشن منایا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق صبح سویرے ہی ہزاروں افراد رائل پیلس کے باہر جمع ہونا شروع ہوگئے تھے۔ قومی ٹیم کی آمد پر روایتی واٹر کینن سلامی دی گئی، جبکہ شہر کی سڑکیں قومی پرچموں اور نعروں سے گونج اٹھیں۔
تقریب کے آغاز میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے شاہ ہیرالڈ سے ملاقات کی، جس کے بعد وہ عوام سے ملاقات کے لیے محل کی سیڑھیوں پر آئے۔ اس موقع پر شائقین نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، کھلاڑیوں کے حق میں نعرے لگائے اور انہیں قومی ہیروز قرار دیا۔
رپورٹس کے مطابق ناروے کے اسٹار اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ تقریب کے آخری مرحلے میں شریک نہ ہو سکے، تاہم ان کی غیر موجودگی کے باوجود جشن کا جوش برقرار رہا اور مداحوں نے پوری ٹیم کی کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 نے تماشائیوں کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
یہ استقبال ناروے کی فٹبال تاریخ کے یادگار عوامی اجتماعات میں شمار کیا جا رہا ہے، جہاں شائقین نے اپنی قومی ٹیم کی ورلڈ کپ مہم پر فخر اور خوشی کا اظہار کیا۔
