فیفا ورلڈ کپ 2026 نے اختتام سے قبل ہی شائقین کی تعداد کے حوالے سے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، جہاں اسٹیڈیمز میں آنے والے تماشائیوں کی تعداد گزشتہ دو ورلڈ کپ کے مجموعی ہجوم سے بھی تجاوز کر گئی۔
فیفا کے مطابق امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں جاری ٹورنامنٹ کے ابتدائی 100 میچز میں مجموعی طور پر 65 لاکھ 27 ہزار 410 شائقین نے اسٹیڈیمز میں بیٹھ کر مقابلے دیکھے۔
یہ تعداد روس 2018 اور قطر 2022 ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر آنے والے 64 لاکھ 36 ہزار 20 تماشائیوں سے بھی زیادہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق
- روس 2018 ورلڈ کپ: 30 لاکھ 31 ہزار 768 تماشائی
- قطر 2022 ورلڈ کپ: 34 لاکھ 4 ہزار 252 تماشائی
- فیفا ورلڈ کپ 2026 (ابتدائی 100 میچز): 65 لاکھ 27 ہزار 410 تماشائی
فیفا ورلڈ کپ میں 64 ٹیموں کی شمولیت پر بھی غور ممکن، جیانی انفانٹینو
فیفا کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ میں ابھی دو سیمی فائنلز، تیسری پوزیشن کا میچ اور فائنل باقی ہیں، جن میں بھی لاکھوں شائقین کی شرکت متوقع ہے، جس کے بعد مجموعی حاضری کا یہ ریکارڈ مزید بہتر ہونے کا امکان ہے۔
ورلڈ کپ 2026 نہ صرف میدان میں دلچسپ مقابلوں اور نئے ریکارڈز کی وجہ سے نمایاں رہا ہے بلکہ شائقین کی غیر معمولی دلچسپی نے بھی اسے تاریخ کے مقبول ترین فیفا ورلڈ کپ ایونٹس میں شامل کر دیا ہے۔
