تین سال میں 74 ہزار سے زائد مسافر بیرونِ ملک روانگی سے روک دیے گئے، ایف آئی اے دستاویز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

دستاویز کے مطابق مختلف وجوہات کی بنیاد پر گزشتہ تین برس کے دوران 74 ہزار 474 افراد کو مختلف پاکستانی ہوائی اڈوں سے آف لوڈ کیا گیا، جن میں بڑی تعداد ضروری سفری دستاویزات کی عدم دستیابی اور مشکوک سفری منصوبوں کے باعث روکی گئی۔

latest urdu news

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی دستاویز کے مطابق گزشتہ تین برسوں کے دوران بیرونِ ملک سفر کرنے والے 74 ہزار 474 افراد کو مختلف وجوہات کی بنیاد پر پاکستانی ہوائی اڈوں سے آف لوڈ کیا گیا۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ان افراد کو ایف آئی اے، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں، متعلقہ ایجنسیوں اور بعض صورتوں میں ایئرلائنز کی جانب سے سفر سے روکا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق آف لوڈ کیے جانے والے افراد میں بڑی تعداد ایسے مسافروں کی تھی جو مطلوبہ سفری دستاویزات، ویزا شرائط یا دیگر قانونی تقاضے پورے نہیں کر سکے۔

کتنے افراد کو کس ادارے نے آف لوڈ کیا؟

ایف آئی اے کی دستاویز کے مطابق مجموعی طور پر 39 ہزار 786 افراد کو براہِ راست ایف آئی اے نے مختلف ہوائی اڈوں پر آف لوڈ کیا۔

اس کے علاوہ 34 ہزار افراد کو دیگر متعلقہ ایجنسیوں اور اداروں کی کارروائیوں کے نتیجے میں سفر سے روکا گیا۔

دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ 30 ہزار 21 افراد کو مختلف ایئرلائنز نے اپنے قواعد و ضوابط یا سفری تقاضوں کی بنیاد پر آف لوڈ کیا، جبکہ 3 ہزار 617 افراد مختلف ذاتی یا انتظامی وجوہات کی بنا پر خود ہی سفر سے دستبردار ہو گئے۔

اسی طرح 40 افراد کو کسٹمز، انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) یا ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کی کارروائیوں کے دوران آف لوڈ کیا گیا۔

آف لوڈ کیے جانے کی بڑی وجوہات

دستاویز کے مطابق سب سے زیادہ 20 ہزار 408 افراد کو ضروری سفری دستاویزات مکمل نہ ہونے یا مطلوبہ کاغذات کی کمی کے باعث بیرونِ ملک جانے سے روکا گیا۔

اس کے علاوہ 12 ہزار 673 افراد کو کمزور یا مشکوک سفری منصوبے (Low Profile/Suspicious Travel Plan) کی بنیاد پر آف لوڈ کیا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق 3 ہزار 450 افراد کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل ہونے کی وجہ سے انہیں سفر کی اجازت نہیں دی گئی۔

کراچی ایئرپورٹ پر جعلی ایگزیٹ اسٹمپ والے مسافر کو آف لوڈ کر دیا گیا

دیگر وجوہات بھی سامنے آئیں

ایف آئی اے کی دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 505 افراد کو غلط سفری روٹ اختیار کرنے کی وجہ سے آف لوڈ کیا گیا، جبکہ 281 افراد کے پاس جعلی یا مشتبہ سفری دستاویزات پائی گئیں۔

اسی طرح 176 افراد کو غیر تسلی بخش سفری ریکارڈ (Travel History) کی بنیاد پر سفر سے روکا گیا، جبکہ 145 افراد کو ان کی دستاویزات کی مزید تصدیق کے لیے آف لوڈ کیا گیا۔

دستاویز کے مطابق 258 کم عمر افراد کو بھی سفری ضوابط کی بنیاد پر روانگی سے روکا گیا، جبکہ 24 ایسے افراد کو آف لوڈ کیا گیا جو وزٹ ویزے پر بیرونِ ملک جا کر ملازمت تلاش کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام پر توجہ

ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ ادارے انسانی اسمگلنگ، جعلی سفری دستاویزات، غیر قانونی امیگریشن اور ویزا قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے ہوائی اڈوں پر امیگریشن جانچ کے عمل کو مسلسل مؤثر بنا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق مسافروں کو بیرونِ ملک روانگی سے قبل اپنے سفری دستاویزات، ویزا شرائط اور متعلقہ قوانین کی مکمل جانچ کر لینی چاہیے تاکہ انہیں ایئرپورٹ پر کسی قسم کی دشواری یا آف لوڈ ہونے کی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

شیئر کریں:

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter