چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاست کو جھگڑے اور دشمنی کے بجائے عوامی خدمت اور قومی ترقی کا ذریعہ بنانا چاہیے۔
گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام آج بھی ذوالفقار علی بھٹو کی خدمات کو یاد کرتے ہیں، جنہوں نے ڈوگرہ راج کے خاتمے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور انہیں آئینی حقوق کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ وہ دن دیکھنا چاہتے ہیں جب گلگت بلتستان کے منتخب نمائندے قومی اسمبلی میں مکمل آئینی حیثیت کے ساتھ موجود ہوں۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی حقِ ملکیت کے اپنے وعدے پر عمل کرے گی، جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع بھی پیدا کیے جائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے گلگت بلتستان کے انتخابی مینڈیٹ کا احترام کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن مل کر خطے کی ترقی کے لیے کام کریں گے تاکہ عوام کو سیاسی اختلافات کا احساس نہ ہو۔
بلاول بھٹو زرداری: 5 جولائی 1977 پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وفاق اور گلگت بلتستان کی حکومتیں مل کر ایسا معاشی ماحول پیدا کریں گی جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں میرٹ کو فروغ دیا جائے گا اور سردیوں سے قبل بلدیاتی انتخابات کرانے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے سرحدوں پر خدمات انجام دینے والے سکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ان کے بقول حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور روزگار ان کی سیاست کا بنیادی منشور ہے، اور یہی وژن آئندہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھی پیش کیا جائے گا۔
