**گجرات: چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گجرات **ڈاکٹر سید عطاء المُنعم** نے رات گئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کھاریاں اور گورنمنٹ ٹراما سنٹر لالہ موسیٰ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ہسپتالوں کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران سی ای او ہیلتھ نے عملے کی حاضری، ایمرجنسی سروسز، لیبر رومز، صفائی کے انتظامات اور مریضوں کے علاج معالجے کا معائنہ کیا۔ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کھاریاں میں صفائی ستھرائی اور طبی ریکارڈ کو اطمینان بخش قرار دیا گیا۔
تاہم گورنمنٹ ٹراما سنٹر لالہ موسیٰ میں ڈیلیوری کے بعد صفائی میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ سے وضاحت طلب کر لی گئی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے معاملات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈاکٹر سید عطاء المُنعم نے انتظامیہ اور طبی عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے اور ڈریس کوڈ سمیت تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج میں غفلت یا لاپرواہی کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی، جبکہ تمام سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
