وفاقی وزارت داخلہ نے ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کا باضابطہ حکم جاری کرتے ہوئے چاروں صوبوں، اسلام آباد انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو 11 جولائی سے گرفتاریوں کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 10 جولائی تک ایسے تمام افغان شہری، جو بغیر قانونی دستاویزات یا مؤثر ویزا کے پاکستان میں مقیم ہیں، انہیں ملک چھوڑنے کی مہلت دی گئی ہے۔ اس مدت کے بعد غیرقانونی طور پر رہائش پذیر افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز، انسپکٹر جنرلز پولیس اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے منصوبے (IFRP) پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
کراچی اور راولپنڈی میں غیرقانونی مقیم افراد کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد افغان شہری حراست میں
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 11 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی گرفتاریوں اور دیگر کارروائیوں کی تفصیلی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کرنا لازمی ہوگا، جبکہ اس مہم کو حکومت نے قومی سطح کی اہم کارروائی قرار دیا ہے۔
