پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافے کی منظوری دے دی ہے، جبکہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارہویں ایڈیشن کے بجٹ کی بھی توثیق کر دی گئی ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2026-27 کے سرپلس بجٹ کی متفقہ منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پی ایس ایل کو انتظامی اور مالی طور پر مزید خودمختار بنانے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ کے بجٹ میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے نئے سینٹرل کنٹریکٹ فارمیٹ اور ادائیگی کے طریقہ کار کی بھی منظوری دی گئی۔
بورڈ نے قائداعظم ٹرافی کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے اسے 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے جبکہ ریزرو کھلاڑیوں کی فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے مقرر کرنے کی منظوری بھی دی۔
اجلاس میں ویمنز کرکٹ کے فروغ کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد اور ان کے لیے فنڈز مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اسی طرح ریجنل گراؤنڈ اسٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
نسیم شاہ پر پی سی بی کا 2 کروڑ روپے جرمانہ
مزید برآں 12 نئے گراؤنڈز کو فعال کرنے، نیشنل اسٹیڈیم سمیت دیگر کرکٹ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی، جبکہ لاہور کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں بائیو مکینکس مشین کی تنصیب کے لیے بھی فنڈز مختص کر دیے گئے۔
