لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فادرز ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں والدین، خصوصاً باپ کی محبت، قربانی اور رہنمائی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دعا ہے ہر بچے کو ایسا باپ نصیب ہو جو اسے خواب دیکھنے اور ان خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کا حوصلہ فراہم کرے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اولاد کی محبت، حفاظت اور حقوق کی ادائیگی کرنے والے تمام والدین قابلِ احترام ہیں۔ ان کے بقول ایک باپ سائبان کی مانند ہوتا ہے جو خود مشکلات اور آزمائشوں کا سامنا کرکے بھی اپنی اولاد کو تحفظ، آسودگی اور اعتماد فراہم کرتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایک عظیم باپ صرف زندگی گزارنے کا طریقہ نہیں سکھاتا بلکہ عزت، وقار اور خودداری کے ساتھ جینے کا درس بھی دیتا ہے۔ ان کے مطابق والد وہ چراغ ہے جو اولاد کے لیے ہر مشکل اور اندھیرے میں روشنی کا ذریعہ بنتا ہے۔
مریم نواز نے اپنے والد محمد نواز شریف کے بارے میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے رہنما، استاد اور طاقت کا سرچشمہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والد کی تربیت، محبت اور رہنمائی نے ان کی شخصیت، سوچ اور سیاسی سفر پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ والد کی دعائیں اور شفقت ہر لمحہ انسان کو حوصلہ اور اعتماد فراہم کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین کا احترام اور ان کی قربانیوں کا اعتراف معاشرے کی مضبوطی کے لیے ناگزیر ہے۔
