سعودی عرب سے پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کے لیے بعد از حج فلائٹ آپریشن کل سے شروع ہو رہا ہے۔ اس سلسلے میں پہلے روز مختلف شہروں کے لیے 22 پروازیں چلائی جائیں گی، جن کے ذریعے 5 ہزار 237 عازمین حج پاکستان واپس پہنچیں گے۔
حج آپریشن کی پہلی پرواز جدہ سے 391 حجاج کو لے کر یکم جون کی صبح سیالکوٹ پہنچے گی۔ اس کے بعد ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر حجاج کی آمد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
شیڈول کے مطابق یکم جون کو اسلام آباد کے لیے پانچ، کراچی اور لاہور کے لیے چار، چار جبکہ ملتان اور سیالکوٹ کے لیے تین، تین پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ فیصل آباد میں دو اور کوئٹہ میں ایک حج پرواز کی آمد متوقع ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی حجاجِ کرام کو حج کی مبارکباد، امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور
حکام کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرنے والے ایک لاکھ 19 ہزار پاکستانی حجاج کرام کو مجموعی طور پر 471 پروازوں کے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا۔ اس بڑے آپریشن میں پاکستان اور سعودی عرب کی سرکاری و نجی ایئر لائنز حصہ لیں گی۔
حجاج کرام کی واپسی کا یہ مرحلہ 30 جون تک جاری رہے گا، جس کے دوران تمام عازمین کو مرحلہ وار مختلف شہروں میں پہنچایا جائے گا۔
