کراچی میں پولیس اور وفاقی اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر منشیات کے ایک بڑے نیٹ ورک کی سربراہ انمول عرف ’پنکی‘ کو گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق ملزمہ عرصہ دراز سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھی اور مختلف مقدمات میں مفرور بھی قرار دی جا چکی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی شہر کے علاقے گارڈن میں کی گئی، جہاں سے ملزمہ کو حراست میں لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ نہ صرف منشیات فروشی کے منظم گروہ کو چلا رہی تھی بلکہ ملک کے مختلف علاقوں تک سپلائی نیٹ ورک بھی قائم کیے ہوئے تھی۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمہ کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں اور بھاری مالیت کی منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق ملزمہ خواتین رائڈرز کے ذریعے منشیات کی ترسیل کرتی تھی تاکہ سیکیورٹی اداروں کی نظروں سے بچا جا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ کے خریداروں میں تعلیمی اداروں کے بعض طلبہ و طالبات سمیت مختلف بااثر افراد بھی شامل تھے، جنہیں مبینہ طور پر باقاعدگی سے منشیات فراہم کی جاتی تھی۔
کراچی میں بڑی کارروائی: ڈیفنس میں غیر قانونی کال سینٹر بے نقاب، 7 ملزمان گرفتار
حکام کے مطابق انمول عرف ’پنکی‘ دس سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب تھی اور اس کی گرفتاری کو شہر میں منشیات کے خلاف جاری مہم کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمہ کے خلاف مزید مقدمات درج کیے جا رہے ہیں جبکہ اس کے نیٹ ورک، ساتھیوں اور سہولت کاروں کے بارے میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے شہر میں منشیات کی سپلائی چین کو بڑا نقصان پہنچنے کی توقع ہے۔
