جہلم میں جی ٹی روڈ پر تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل اور ٹرک کے مابین تصادم سے 23 سالہ نوجوان جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ گزشتہ روز جہلم میں جعفر مال کے قریب جی ٹی روڈ پر پیش آیا، جہاں ایک موٹرسائیکل آگے جاتے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک موٹرسائیکل تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر پیچھے سے ٹرک سے جا ٹکرائی۔
جہلم میں اسنیپ چیکنگ کے دوران راولپنڈی کے اغواء مقدمہ کی مغویہ بازیاب
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق نوجوان کی میت ضروری کارروائی کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال جہلم منتقل کر دی، جبکہ زخمیوں کو بھی ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت نوید ولد خادم حسین کے نام سے ہوئی ہے۔
