ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ گزشتہ سال مئی میں ہونے والے آپریشن “بنیان المرصوص” کے دوران پاکستان کی عسکری صلاحیت اور حکمت عملی کو دنیا نے واضح طور پر دیکھا، اور دشمن بھی اس کی طاقت و مہارت دیکھ کر حیران رہ گیا۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور تمام تنازعات کا حل بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی امن کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
ائیر چیف نے کہا کہ مئی کے معرکے اور “معرکہ حق” کے دوران پاک فضائیہ نے شاندار حکمت عملی کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ ان کے مطابق پاک فضائیہ نے نہ صرف دشمن کے طیارے مار گرائے بلکہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے تاریخ رقم کی۔
ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی ریاض میں سعودی عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں
انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کی کوششیں بھی قابلِ ستائش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر کسی بھی قسم کی جارحیت کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
تقریب کے دوران ائیر چیف نے پریڈ کا معائنہ کیا اور بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات اور شیلڈز بھی تقسیم کیں۔
