پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیم کی قیادت بدستور شان مسعود کے سپرد رکھی گئی ہے، جبکہ اسکواڈ میں چار نئے کھلاڑیوں کو شامل کر کے تازہ دم کمبی نیشن بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔
اسکواڈ میں شامل چند کھلاڑی اس وقت لاہور میں جاری نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ریڈ بال کیمپ میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ تمام کھلاڑی 27 اپریل کو کراچی میں جمع ہوں گے، جبکہ پاکستان سپر لیگ میں مصروف کرکٹرز اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے بعد ٹیم کو جوائن کریں گے۔ قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ یکم مئی کو اختتام پذیر ہوگا اور اسکواڈ 2 مئی کو بنگلادیش روانہ ہوگا۔
ٹیم مینجمنٹ میں بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سابق کپتان سرفراز احمد کو اس دورے کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اسد شفیق بیٹنگ کوچ اور عمر گل بولنگ کوچ کے فرائض انجام دیں گے۔
پاک بنگلادیش تیسرا ون ڈے: متنازع ڈی آر ایس ریویو پر پی سی بی کا احتجاج، باضابطہ شکایت درج
قومی اسکواڈ میں کپتان شان مسعود کے علاوہ بابر اعظم، محمد رضوان، امام الحق، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس، نعمان علی، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل، خرم شہزاد سمیت دیگر کھلاڑی شامل ہیں، جبکہ نئے شامل ہونے والوں میں اذان اویس، عبداللہ فضل، عماد بٹ اور محمد غازی غوری کو موقع دیا گیا ہے۔
یہ سیریز ٹیم کے لیے نہ صرف ایک اہم امتحان ہوگی بلکہ نئے کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع بھی ثابت ہو سکتی ہے۔
