کراچی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گٹر کی صفائی کے دوران تین مزدور دم گھٹنے کے باعث زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ یہ حادثہ لیاری کے علاقے سیکٹر 36 میں پیش آیا، جہاں مزدور معمول کے مطابق صفائی کا کام انجام دے رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق مزدور گٹر میں اترے تو زہریلی گیس کے باعث ان کی حالت غیر ہو گئی اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔ مقامی افراد نے فوری مدد کی کوشش کی، تاہم تینوں مزدوروں کو بچایا نہ جا سکا۔
واقعے پر مراد علی شاہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے تاکہ ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے۔
لاہور: کھلے مین ہول میں گر کر ڈھائی سالہ بچہ جان کی بازی ہار گیا
واضح رہے کہ اس نوعیت کے حادثات ماضی میں بھی سامنے آتے رہے ہیں، جہاں حفاظتی اقدامات کی کمی کے باعث مزدور قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سیفٹی پروٹوکولز پر سختی سے عمل درآمد ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے نہایت ضروری ہے۔
