بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بیک چینل سفارتی رابطے جاری رہے ہیں، جن میں دونوں ممالک کے سابق سفارت کار، ماہرین اور بعض سیاسی شخصیات شامل رہی ہیں۔
بھارتی اخبار کے مطابق مئی 2025 میں ہونے والی چار روزہ جھڑپوں کے بعد سے اب تک دونوں ممالک کے درمیان کم از کم چار غیر رسمی ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد کشیدہ صورتحال کے باوجود رابطے کے راستے کھلے رکھنا بتایا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹریک ٹو سفارت کاری کا چوتھا دور رواں سال فروری میں دوحہ میں منعقد ہوا، جس میں فریقین کے درمیان مختلف امور پر غیر رسمی بات چیت ہوئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدائی ملاقاتیں مئی 2025 کی جنگ کے بعد ہونے والی شدید کشیدگی کے باعث کافی سخت ماحول میں ہوئیں، تاہم وقت کے ساتھ ساتھ ان ملاقاتوں میں لہجہ نسبتاً نرم اور محتاط ہوتا گیا۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان غیر رسمی رابطوں میں ایک برطانوی تھنک ٹینک نے معاونت فراہم کی، جبکہ باضابطہ سفارتی تعلقات اس دوران تقریباً معطل رہے۔
