پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں سیزن کا ابتدائی شیڈول تیار کر لیا گیا ہے۔ افتتاحی میچ 26 مارچ کو لاہور قلندرز اور حیدر آباد کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ فائنل 10 مئی کو لاہور میں ہونے کا امکان ہے۔
پی ایس ایل 11 کے میچز ملک کے چھ شہروں کراچی، لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور پشاور میں ہوں گے۔ اس مرتبہ پہلی بار پشاور بھی پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرے گا، جس سے کرکٹ شائقین کے لیے یہ ایک خاص خبر ہے۔
شیڈول کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ 12 میچز شیڈول ہیں، راولپنڈی 10 اور فیصل آباد 7 میچز کی میزبانی کرے گا۔ کراچی میں 6 میچز، ملتان میں 5 اور پشاور میں دو میچز کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل 11: نیلامی میں سب سے مہنگے 10 کھلاڑی
پی ایس ایل 11 کے میچز کی میزبانی کے لیے تمام شہروں میں انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں اور حفاظتی اقدامات اور سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
یہ سیزن پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے خوشی اور جوش کا باعث ہوگا، کیونکہ پاکستان کے مختلف شہروں میں ہونے والے میچز کے ذریعے شائقین کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو براہِ راست دیکھنے کا موقع ملے گا۔
