پوری قوم عمران خان کی آنکھ کی وجہ سے پریشان ہے:فواد چوہدری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی آنکھ کی صورت حال نے پوری قوم کو پریشان کر دیا ہے۔

latest urdu news

انہوں نے لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قید کے دوران بانی پی ٹی آئی کو تنہائی میں رکھنے کی وجہ سے ان کی آنکھ متاثر ہوئی اور بلڈ پریشر کے مسائل نے آنکھ کی حالت مزید خراب کی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ دنیا بھر میں جمہوریت کے علمبردار بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور فوری علاج کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹارنی جنرل کی عدالت میں یقین دہانی کے مطابق فوری طور پر میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے اور بانی پی ٹی آئی کی قید تنہائی ختم کی جائے۔ ساتھ ہی جیلوں میں موجود سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔

پی ٹی آئی رہنما جمشید چیمہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ غیر انسانی رویہ اختیار کیا گیا اور ان کی آنکھوں کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حملوں اور جیل میں فزیکل ٹارچر کے باوجود حکومت ذاتی دشمنی کی بنیاد پر قدم اٹھا رہی ہے، جس کے نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔ جمشید چیمہ نے زور دیا کہ بانی پی ٹی آئی کو انصاف فراہم کیا جائے اور اس کے ساتھ جو کچھ ہوا اس پر حکومت کو عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔

قبل ازیں، انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں تین اپریل 2026 تک توسیع کر دی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سماعت کی، جس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے حاضری مکمل کروائی جبکہ دیگر ملزمان کے وکلا کی حاضری معافی منظور کی گئی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter