اپوزیشن لیڈر کا بیان غیر ذمے دارانہ، پاک فوج پورے ملک کی نمائندہ ہے: خواجہ آصف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی جانب سے پاک فوج پر الزامات لگانے کی کوشش کی گئی، جو نہایت غیر ذمے دارانہ عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج اپنے خون سے حلف کی پاسداری کر رہی ہے اور اس کی قربانیاں کسی ایک علاقے تک محدود نہیں۔

latest urdu news

قومی اسمبلی کے اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا یہ کہنا کہ فوج چند اضلاع کی نمائندہ ہے، افسوسناک ہے اور اس قسم کے بیان کی ان سے توقع نہیں تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی فوج ایک قومی ادارہ ہے جو پورے ملک کی نمائندگی کرتی ہے۔

وزیرِ دفاع نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں پاک فوج کے 3141 اہلکار شہید ہوئے، جن میں 2021 سے فروری 2026 تک 170 افسران، 212 جے سی اوز اور 2759 جوان شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ سمیت مختلف علاقوں میں شہادتیں ہوئیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ افواجِ پاکستان پورے ملک کے دفاع میں مصروف ہیں۔

پی ٹی آئی سے مذاکرات میں حکومت سنجیدہ، لیکن پی ٹی آئی کی مختلف زبانوں پر اعتماد مشکل:خواجہ آصف

خواجہ آصف نے کہا کہ لیڈر آف اپوزیشن کا منصب قومی نوعیت کا ہے اور اس پر بیٹھ کر ایسے بیانات دینا عہدے کی توہین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کسی صوبے یا ضلع سے منسوب نہیں ہوتے بلکہ وہ سب سے پہلے اور آخر میں پاکستانی ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روزانہ قربانیاں دی جا رہی ہیں، بلوچستان میں 200 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ ان کے مطابق سیاست دانوں کے لیے سیاسی وابستگیاں بدلنا ممکن ہو سکتا ہے، لیکن شہداء نے ہمیشہ وطن کے لیے ثابت قدمی دکھائی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter