ریکوڈک منصوبہ : امریکا نے پاکستان کو ایک ارب 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان کے اہم معدنی منصوبے ریکوڈک کے حوالے سے ایک بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں امریکا نے اس گیم چینجر منصوبے کیلئے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کو پاکستان کی معیشت، سرمایہ کاری اور معدنی شعبے کے لیے نہایت اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

latest urdu news

واشنگٹن میں امریکی وزیرِ خارجہ کی زیرِ صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران اہم معدنیات کی عالمی ترسیل کو محفوظ بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مستقبل میں صنعتی ترقی اور ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے معدنی وسائل کی مسلسل اور محفوظ فراہمی انتہائی ضروری ہے۔

اجلاس کے دوران شرکاء نے سپلائی چین کے نئے اور متبادل ذرائع تلاش کرنے، محفوظ، قابلِ اعتماد اور جدید ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس نیٹ ورکس کے قیام پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر ترقی پذیر ممالک میں سرمایہ کاری کے مواقع اور شراکت داری بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس کے نتیجے میں پاکستان کے ریکوڈک منصوبے کیلئے مالی معاونت کی منظوری دی گئی۔

امریکا کا بلوچستان میں ریکوڈک منصوبے پر 1.25 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان

امریکا کی جانب سے منظور کیا گیا یہ ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کا قرض امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے والٹ (WALLT) پروجیکٹ کے تحت فراہم کیا جائے گا۔ یہ رقم امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک دے گا، جس کا مقصد امریکی اور عالمی سطح پر اہم منصوبوں کی مالی معاونت کے ذریعے اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔

ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں واقع ہے اور اسے ملکی تاریخ کے بڑے معدنی منصوبوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف قیمتی معدنیات، خصوصاً سونا اور تانبا حاصل ہونے کی توقع ہے بلکہ روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے اور ملکی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔

ماہرین کے مطابق امریکی قرض کی منظوری سے ریکوڈک منصوبے پر عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا اور پاکستان کو معدنی وسائل کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور مہارت تک رسائی حاصل ہوگی۔ اس پیشرفت کو پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی تعاون میں ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں مزید مشترکہ منصوبوں کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter