بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول اور اکشے کھنہ تقریباً تین دہائیوں بعد دوبارہ ایک ساتھ اسکرین پر جلوہ گر ہونے جا رہے ہیں۔ دونوں اداکار اس سے قبل 1997 کی یادگار جنگی فلم بارڈر میں ایک ساتھ نظر آئے تھے، اور اب وہ عدالت اور انصاف کے پیچیدہ مسائل پر مبنی سنجیدہ کورٹ روم ڈراما ’اکّا‘ کے ذریعے شائقین کے سامنے آئیں گے۔
نیٹ فلکس نے اپنی آنے والی اوریجنل فلم ’اکّا‘ کا پہلا ٹیزر جاری کیا ہے، جس میں ایک منٹ سے زائد دورانیے کے عدالت کے منظر کو دکھایا گیا ہے۔ ٹیزر میں سنی دیول ماہر وکیل سکندر مہرا کے کردار میں نظر آ رہے ہیں، جو 33 سال بعد وکیل کے مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔ ان کا آخری وکیل والا کردار 1993 کی ایوارڈ یافتہ فلم دامنی میں دیکھا گیا تھا۔
فلم میں اکشے کھنہ مرکزی مخالف کردار ادا کر رہے ہیں، جو ایک سنگین مقدمے کا سامنا کر رہا ہے۔ کہانی قانون، اخلاقیات اور انصاف کے نازک توازن کے گرد گھومتی ہے اور دونوں اداکاروں کے درمیان تناؤ اور حکمت عملی کی جھلک ٹیزر میں دیکھنے کو ملتی ہے۔
سنی دیول میڈیا پر برس پڑے، والد دھرمیندر کی جھوٹی موت کی خبر پر غصہ
ہدایتکار سدھارتھ پی ملہوترا کی اس فلم میں دیا مرزا اور تلوتما شومے بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم کی ریلیز کی حتمی تاریخ ابھی تک سامنے نہیں آئی، مگر شائقین کو توقع ہے کہ یہ کورٹ روم ڈراما شائقین کے لیے ایک دلچسپ اور سنجیدہ تجربہ ثابت ہوگا۔
فلم ’اکّا‘ بالی ووڈ میں سنی دیول اور اکشے کھنہ کی شاندار واپسی کے طور پر یاد رکھی جائے گی، اور یہ ان کے فلمی کیریئر میں ایک اہم سنگ میل بھی تصور کی جا رہی ہے۔
