وزیراعلیٰ مریم نواز کا 7 فروری کو لبرٹی چوک میں جشنِ بسنت منانے کا اعلان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں بسنت کے تہوار کو دوبارہ بھرپور انداز میں منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 فروری کو لاہور کے تاریخی لبرٹی چوک میں جشنِ بسنت کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ بسنت پنجاب کی ثقافت، خوشیوں اور رنگوں کی علامت ہے، جسے محفوظ اور منظم انداز میں منایا جائے گا۔

latest urdu news

وزیراعلیٰ مریم نواز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لاہور اور پنجاب بھر کے شہریوں کو دعوت دی کہ وہ لبرٹی چوک آئیں اور حکومت کے ساتھ مل کر بسنت کا تہوار منائیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں اس تہوار کو پنجاب کی پہچان قرار دیتے ہوئے کہا کہ بسنت نہ صرف موسمِ بہار کی آمد کا جشن ہے بلکہ یہ عوام میں خوشی، اُمید اور یکجہتی کا پیغام بھی دیتی ہے۔ مریم نواز نے بسنت کے موقع پر معروف پنجابی گانا ’’گڈی لہور دی اڈی‘‘ بھی شیئر کیا، جس سے تہوار کی فضا مزید رنگین ہو گئی۔

وزیراعلیٰ کے اعلان کے بعد شہریوں میں جوش و خروش پایا جا رہا ہے، جبکہ ثقافتی حلقوں نے اس فیصلے کو پنجاب کی روایات کے احیاء کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق جشنِ بسنت کے دوران موسیقی، ثقافتی پروگرامز اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا، تاکہ شہری ایک محفوظ ماحول میں اس تہوار سے لطف اندوز ہو سکیں۔

اس سے قبل سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے لاہور کے تاریخی موچی دروازہ بازار کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دکانداروں اور شہریوں سے ملاقات کی اور بسنت کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے محفوظ بسنت منانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس تہوار کو عوام کے لیے خوشگوار اور محفوظ بنانا چاہتی ہے۔

لاہور میں بسنت کی پُرامن تقریبات کے لیے پولیس نے سخت حفاظتی احکامات جاری کر دیے

سینئر وزیر نے بتایا کہ بسنت کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی، جن کے دوران شہریوں کے لیے فری ٹرانسپورٹ سروس بھی فراہم کی جائے گی تاکہ عوام کو آمد و رفت میں سہولت حاصل ہو۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بسنت پنجاب کی ثقافت کا اہم حصہ ہے اور حکومت اس روایت کو زندہ رکھنے کے ساتھ ساتھ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو بھی اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بسنت کو خوشیوں، رنگوں اور امن کے ساتھ منائیں گے۔

سیاسی و سماجی مبصرین کے مطابق جشنِ بسنت کا یہ اعلان نہ صرف ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کا باعث بنے گا بلکہ لاہور کی سیاحت اور مقامی معیشت کو بھی تقویت دے سکتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter