جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ضلع بھر میں فائر سیفٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں واسا، ریسکیو 1122 اور بلدیہ کے افسران نے شرکت کی، جہاں بلند و بالا عمارتوں، تجارتی مراکز اور گنجان آباد علاقوں میں آتشزدگی سے بچاؤ کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران واسا کی ٹیموں نے شہر کے مختلف مقامات پر فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب اور ان کی فعالیت سے متعلق بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ تمام تجارتی پلازوں اور پیٹرول پمپس کا باقاعدہ فائر آڈٹ کیا جائے اور جہاں حفاظتی آلات یا انتظامات میں کمی پائی جائے وہاں فوری نوٹس جاری کیے جائیں تاکہ کسی بھی ناگہانی واقعے کی صورت میں جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
جہلم میں پابندی کے باوجود کھلے سگریٹ اور نسوار کی فروخت جاری، نوجوان نسل کا مستقبل خطرے میں
ڈپٹی کمشنر جہلم نے واضح کیا کہ فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور ہنگامی حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے واسا اور ریسکیو 1122 کے درمیان باہمی رابطہ اور کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ آتشزدگی کی صورت میں پانی کی بروقت فراہمی اور امدادی کارروائیاں بلا تاخیر شروع کی جا سکیں۔
