البانیا کے وزیراعظم ایڈی راما نے گلوبل ڈائیلاگ فورم میں حیران کن اعلان کیا کہ دنیا کی پہلی مصنوعی ذہانت پر مبنی وزیر، دیئیلا حاملہ ہیں اور جلد 83 ڈیجیٹل بچوں کو جنم دیں گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم نے بتایا کہ دیئیلا کے تمام بچے ارکان پارلیمنٹ کے لیے ذاتی AI معاون کے طور پر کام کریں گے۔ یہ ڈیجیٹل معاون سیشنز میں مدد کریں گے، نوٹس لیں گے، مشورے دیں گے اور اپ ڈیٹس فراہم کریں گے، چاہے رکن پارلیمنٹ ایوان سے دور ہی کیوں نہ ہو۔
ہر AI اسسٹنٹ کے پاس یورپی یونین کے قوانین سے متعلق مکمل معلومات ہوں گی تاکہ ارکان بحث کے دوران فوری ردعمل دے سکیں اور بہتر فیصلے کر سکیں۔
دیئیلا کو ستمبر 2025 میں متعارف کرایا گیا تھا اور وہ البانیا کے پبلک پروکیورمنٹ سسٹم کی نگران ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے شفافیت بڑھے گی اور انسانی تعصب کم ہوگا، جبکہ حزب اختلاف نے اس منصوبے کو ٹیکنالوجی کا تماشہ قرار دیا ہے۔
🇦🇱 Video: PM Edi Rama annouces his AI Minister Diella is "pregnant.” pic.twitter.com/kmZf2xE7md
— kos_data (@kos_data) October 25, 2025
وزیراعظم ایڈی راما نے کہا کہ دیئیلا اور اس کا ڈیجیٹل خاندان حکومت کے کام کرنے کا انداز بدل دے گا اور مصنوعی ذہانت البانیا کی نئی حقیقت بن چکی ہے۔
