کوئٹہ میں تیزاب گردی کے واقعے میں متاثر ہونے والی ڈاکٹر ماہ نور کے چہرے کی گرافٹنگ اور ناک کی معمولی پلاسٹک سرجری مکمل کر لی گئی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ماہر پلاسٹک سرجنز کی تین رکنی ٹیم نے یہ پیچیدہ طبی عمل انجام دیا۔
ڈاکٹر ماہ نور کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کی صحت میں بتدریج بہتری آ رہی ہے اور آئندہ مرحلے میں مزید گرافٹنگ کی جائے گی۔ طبی ماہرین کے مطابق مریضہ کی مختلف سرجریز کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ مکمل بحالی ممکن بنائی جا سکے۔
اسپتال ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈاکٹر ماہ نور کی ایک آنکھ مکمل طور پر صحتیاب ہو چکی ہے جبکہ دوسری آنکھ میں معمولی دھندلا پن موجود ہے۔ تاہم ڈاکٹروں کے مطابق مجموعی طور پر ان کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔
ایک ڈاکٹر زندگیاں بچانے گئی مگر خود حملے کا شکار: ماہرہ خان کوئٹہ واقعے پر برہم
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے بعد مزید سرجیکل مراحل کیے جائیں گے جن میں چہرے کی مزید گرافٹنگ شامل ہوگی، تاکہ متاثرہ حصوں کی مکمل بحالی ممکن ہو سکے۔
یہ کیس ملک میں تیزاب گردی کے متاثرین کے لیے جدید پلاسٹک سرجری کی اہم مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس میں بتدریج بہتری کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
