ایرانی ردعمل اور جنگی کشیدگی کے بعد اسرائیل میں خوف و ہراس پھیل گیا، تل ابیب سمیت مختلف علاقوں سے 5 ہزار سے زائد شہری اپنا گھر بار چھوڑ چکے ہیں، حکومت پر عدم تحفظ کے الزامات۔
تل ابیب، ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جنگ کے خدشات کے باعث اسرائیلی عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی ممکنہ ردعمل اور خطے میں غیر یقینی صورتحال کے باعث اب تک 5 ہزار سے زائد اسرائیلی شہری اپنے گھروں کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔
اسرائیلی وزارت داخلہ نے اس صورتحال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ تقریباً 5 ہزار 110 شہری، جن میں ایک ہزار کے قریب تل ابیب سے تعلق رکھتے ہیں، جنگ کے خوف سے محفوظ علاقوں کی طرف نقل مکانی کر چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی خاندان ایسے ہیں جنہوں نے اپنا سامان تک چھوڑ کر راتوں رات نقل مکانی کی، کیونکہ وہ کسی بھی وقت ایران کی جانب سے حملے کا خطرہ محسوس کر رہے ہیں۔
خوفزدہ شہریوں نے اسرائیلی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ تو ان کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کیے جا رہے ہیں اور نہ ہی انخلاء کے لیے کوئی منظم حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔ کئی افراد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وہ اپنے بچوں سمیت کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، کیونکہ انہیں جنگی حملوں سے فوری خطرہ لاحق ہے۔
یاد رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ مہینوں میں کشیدگی شدید ہو چکی ہے، خاص طور پر ایرانی فوجی مقامات پر اسرائیلی حملوں کے بعد تہران کی جانب سے سخت ردعمل کا عندیہ دیا گیا تھا۔ اس تناظر میں اسرائیل میں عام شہری غیر معمولی خوف کا شکار ہیں اور ملک میں جنگی فضا قائم ہو چکی ہے۔