ملک بھر میں 20 جون سے پری مون سون بارشوں کا آغاز متوقع ہے، کئی شہروں میں تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان، شہری ہوشیار رہیں۔
اسلام آباد، محکمہ موسمیات نے پاکستان میں پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے ملک بھر میں 20 جون سے 23 جون تک مختلف علاقوں میں گرج چمک، آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس دوران خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں بالائی و وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی، جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی 20 جون سے اثر انداز ہوگا۔
پیش گوئی کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گوجرات، پشاور اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری اور شدید بارش کے امکانات بھی موجود ہیں۔ 21 سے 23 جون کے دوران بلوچستان کے علاقوں ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، قلات، جبکہ جنوبی پنجاب کے ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور ساہیوال میں بھی آندھی اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
مزید یہ کہ 22 سے 24 جون کے دوران سندھ کے شہروں سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد میں بھی گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز بارش، جھکڑ اور گرج چمک کے سبب بجلی کی تاریں، درخت، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ان بارشوں سے شدید گرمی کی لہر میں واضح کمی آئے گی، جو شہریوں کے لیے راحت کا باعث بنے گی۔
دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں سال مون سون بارشیں معمول سے 25 فیصد زائد ہونے کی توقع ہے، جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گوجرات اور راولپنڈی جیسے علاقوں میں یہ شرح 40 سے 60 فیصد تک بڑھ سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ندی نالوں کے قریب رہائش پذیر دیہاتی آبادی کو مساجد کے ذریعے الرٹ جاری کیا جائے، اور شہری علاقوں میں آگاہی مہمات شروع کی جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہا جا سکے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی مون سون بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں شدید سیلابی صورتحال دیکھنے میں آئی تھی، جس سے جانی و مالی نقصان ہوا۔ موجودہ الرٹس کا مقصد عوامی جان و مال کا تحفظ اور پیشگی تیاری کو یقینی بنانا ہے۔