قومی اسمبلی کے اجلاس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے سولر پینلز پر عائد 18 فیصد سیلز ٹیکس کم کرتے ہوئے اسے 10 فیصد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی فیصلے سے عوام پر غیر ضروری مالی بوجھ پڑ رہا تھا، جسے اتحادی جماعتوں، خصوصاً پیپلز پارٹی کے تحفظات کے پیشِ نظر نظرِ ثانی کے بعد کم کیا گیا ہے۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ بجٹ سے متعلق امور پر تمام اتحادیوں اور اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت کی گئی، اور ان کے اتفاقِ رائے سے یہ ترمیم کی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ڈیجیٹل ٹیکس کے معاملے پر بھی اتفاق ہو چکا ہے، اور سروسز پر ٹیکس کا اختیار بدستور صوبوں کے پاس ہی رہے گا۔
اس فیصلے کو عوامی سطح پر ریلیف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ سولر پینلز پر بھاری ٹیکس نے توانائی بحران سے نمٹنے کے متبادل ذرائع کو مہنگا کر دیا تھا۔