سیشن کورٹ لاہور میں لڑکی سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں یوٹیوبر رجب بٹ کے شریک ملزم سلمان حیدر کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج نجف حیدر نے سماعت کرتے ہوئے پولیس سے تفتیشی رپورٹ طلب کر لی۔
پراسیکیوشن کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ تفتیش تاحال مکمل نہیں ہو سکی، لہٰذا عدالت سے مہلت طلب کی گئی۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سلمان حیدر کی عبوری ضمانت میں 23 جون تک توسیع کر دی۔
یہ مقدمہ تھانہ نواب ٹاؤن میں درج ہے، جہاں خاتون عائشہ جٹ نے رجب بٹ اور سلمان حیدر کے خلاف مبینہ زیادتی کا الزام عائد کیا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ الزامات سنگین نوعیت کے ہیں اور مکمل غیر جانبداری سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، تاکہ شواہد کی بنیاد پر قانونی کارروائی کی جا سکے۔
رجب بٹ اس سے قبل بھی کئی تنازعات کی زد میں آ چکے ہیں۔ ان پر غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی جیسے مقدمات درج ہو چکے ہیں جن میں وہ ضمانت پر رہا ہوئے۔ اس کے علاوہ ان پر اپنے پرفیوم برانڈ "295” کے نام پر توہینِ مذہب کے الزام میں دفعہ 295C کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا، جب انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ نام انہیں گلوکار سدھو موسے والا کے واقعے سے متاثر ہو کر ملا۔