اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر صدر زرداری نے پاک فضائیہ کے سربراہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی اور پاکستان کی فضائی سرحدوں کے دفاع میں فضائیہ کی شاندار خدمات کو سراہا۔
دورے کا مقصد حالیہ تنازعے کے دوران بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فضائیہ کے بروقت اور مؤثر ردِعمل پر افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی تھا۔ ملاقات کے دوران ایئر چیف نے صدر کو پاک فضائیہ کی آپریشنل حکمتِ عملی، فورس اسٹرکچر، اہداف اور مستقبل کے جنگی تقاضوں کے مطابق جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔
ایئر چیف نے بتایا کہ پاک فضائیہ نے اپنی تاریخ میں پہلی بار فل اسپیکٹرم آپریشنز کیے، جن میں خلائی، سائبر اور الیکٹرانک وار فیئر کے شعبے مربوط انداز میں شامل کیے گئے۔ صدر زرداری نے ان پیش رفتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایئر چیف کی مدبرانہ قیادت میں فضائیہ نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہو کر پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا ہے۔
صدر نے کہا کہ موجودہ قیادت میں پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور فضائیہ کے جوانوں کا عزم اور جذبہ ملک کی سلامتی کا ضامن ہے۔