گجرات، تھانہ دولت نگر کی حدود میں واقع عالم گڑھ کے قریب نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔
گوندل شریف کے رہائشی ایک شخص اور اس کی بیوی کو گن پوائنٹ پر روک کر اڑھائی لاکھ روپے مالیت کی طلائی بالیاں اور ہزاروں روپے نقدی چھین لی گئی۔ واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
متاثرہ جوڑے کی جانب سے دی گئی اطلاع پر تھانہ دولت نگر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج و دیگر شواہد کی مدد سے جلد انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں ضلع گجرات کے مختلف علاقوں میں اس قسم کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ عوامی حلقوں نے پولیس سے گشت میں اضافہ اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔