ڈپٹی کمشنر گجرات نوید احمد نے ضلع کا چارج سنبھالنے کے پہلے روز ہی گجرات شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا
انہوں نے صفائی، سینیٹیشن اور فضلہ تلفی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر آر آر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میونسپل افسران اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کچہری چوک، جناح چوک، سرکلر روڈ، کورٹ روڈ، شاہ دولہ روڈ، نواز شریف پارک، گلزار مدینہ روڈ، جی ٹی روڈ، جی ٹی ایس چوک، ریلوے روڈ اور سرگودھا روڈ سمیت شہر کے متعدد اہم مقامات کا معائنہ کیا۔
نواز شریف پارک میں صفائی کی ابتر صورتحال پر نوید احمد نے پارک کے کنٹریکٹر کو ناقص کارکردگی پر شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی۔ سرگودھا روڈ پر کچرے کی منتقلی کے دوران صفائی کے غیر تسلی بخش انتظامات پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے حکم دیا کہ فضلہ کو مکمل طور پر ڈھانپ کر منتقل کیا جائے تاکہ ماحولیاتی آلودگی روکی جا سکے۔
بعد ازاں، جی ٹی ایس چوک پر قائم ویسٹ ڈسپوزل اسٹیشن کا معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے فضلہ تلفی کے عمل، دستیاب مشینری اور عملے کی حاضری کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈائریکٹر آر آر ویسٹ مینجمنٹ کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں صفائی کے عمل کو بہتر بنایا جائے اور ہر علاقے میں بروقت اور مؤثر صفائی یقینی بنائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔