سعودی عرب کے ایوانِ شاہی نے شہزادہ فیصل بن ترکی بن سعود الکبیر کے انتقال کی تصدیق کر دی۔ ان کی نمازِ جنازہ ریاض میں ادا کی جائے گی۔
ریاض سے موصولہ اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کے شہزادہ فیصل بن ترکی بن سعود الکبیر آل سعود انتقال کر گئے ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر سعودی ایوانِ شاہی کی جانب سے سرکاری طور پر جاری کی گئی ہے۔ ایوانِ شاہی نے مرحوم کے لیے مغفرت، رحمت اور درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق شہزادہ فیصل بن ترکی کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ عصر ریاض کی مرکزی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی جائے گی، جس میں شاہی خاندان، حکومتی عہدیداران اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہونے کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ سعودی شاہی خاندان کے افراد کا انتقال ملکی سطح پر اہم واقعہ تصور کیا جاتا ہے، اور ہر بار ایوانِ شاہی کی جانب سے باقاعدہ اعلان اور جنازے کی تفصیلات جاری کی جاتی ہیں۔