رواں سال لاکھوں پاکستانی روزگار کے لیے بیرونِ ملک منتقل، اقتصادی سروے میں انکشاف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد: حکومت پاکستان کی اقتصادی سروے رپورٹ برائے رواں مالی سال میں انکشاف ہوا ہے کہ لاکھوں پاکستانی شہری بہتر روزگار کے مواقع کی تلاش میں بیرونِ ملک منتقل ہو چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ مزدور اور پیشہ ور افراد صوبہ پنجاب سے بیرونِ ملک گئے ہیں، جس کی تعداد 4 لاکھ 4 ہزار 345 ہے۔

latest urdu news

خیبرپختونخوا اس فہرست میں دوسرے نمبر پر رہا، جہاں سے 1 لاکھ 87 ہزار سے زائد افراد نے بیرون ملک کا رخ کیا۔ سندھ سے 60 ہزار 424، قبائلی علاقوں سے 29 ہزار 937، اور آزاد کشمیر سے 29 ہزار 591 افراد نے رواں مالی سال میں روزگار کے لیے بیرونِ ملک ہجرت کی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے 8 ہزار 621 جبکہ بلوچستان سے 5 ہزار 668 افراد نے ملازمت کے لیے ملک سے باہر قدم رکھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ شمالی علاقہ جات سے بھی 1,692 افراد نے بیرونِ ملک ملازمت کے مواقع حاصل کیے۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بڑی تعداد میں افرادی قوت کی بیرونِ ملک روانگی نہ صرف مقامی روزگار کے مسائل کی عکاسی کرتی ہے بلکہ ترسیلات زر میں اضافے کی ایک بڑی وجہ بھی بنتی ہے۔ تاہم یہ بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر ملک میں روزگار کے مواقع پیدا نہ کیے گئے تو ہنرمند اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کی مسلسل بیرون ملک منتقلی پاکستان کے اندرونی معاشی و سماجی ڈھانچے پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter