گجرات: سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے مسلم لیگ (ن) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگی قیادت عوام کو نہیں بلکہ خود کو بے وقوف بنا رہی ہے۔ ان کے مطابق، بیانات سے ایسا لگتا ہے جیسے ن لیگ حقیقت سے کٹی ہوئی ہو۔
گجرات میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے بعد اگر کسی رہنما کو سب سے زیادہ عوامی پذیرائی ملی ہے، تو وہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عوامی مینڈیٹ کا ثبوت ہے جسے جھٹلایا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج نے بے مثال قربانیاں دے کر ملک کا دفاع یقینی بنایا ہے، اور ہم سب کو ملکی سلامتی اور اتحاد کے لیے یکجا ہونا ہوگا۔
ن لیگ کی قیادت پر طنز کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ جنگی حکمت عملی میاں نواز شریف نے تیار کی، تو پھر شکر ہے کہ وہ یہ دعویٰ نہیں کرتے کہ علامہ اقبال کا خواب بھی میاں صاحب نے ہی دیکھا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایسی مبالغہ آرائی اور خود فریبی سے نہ صرف سیاسی ساکھ متاثر ہوتی ہے بلکہ عوام کا اعتماد بھی مجروح ہوتا ہے۔