گجرات، ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے عید الاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو صاف اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔
انہوں نے جی ٹی روڈ، جی وائی ایس چوک، سرکلر روڈ، شاہ دولہ روڈ، کچہری روڈ، سول لائنز اور فوارہ چوک سمیت گجرات شہر کے مرکزی اور اندرونی علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا خود جائزہ لیا۔
اس موقع پر میونسپل کارپوریشن اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے عملے سے بریفنگ لی گئی، جس میں صفائی کے جاری انتظامات اور آلائشیں اٹھانے کے عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا، ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کیں کہ عید کے تینوں دنوں میں کسی بھی جگہ جانوروں کی آلائشیں یا کوڑا کرکٹ نظر نہ آئے، عملہ متحرک اور حاضر رہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت ہے کہ عید کے موقع پر ہر شہری کو صاف، ستھرا اور صحت مند ماحول میسر ہو،اسی ہدف کے تحت تمام افسران فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ صفائی کے انتظامات میں کوئی کمی نہ رہ جائے۔
انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں میں خود صفائی کی صورتحال کا دورہ کریں اور زیرو ویسٹ پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔
ڈپٹی کمشنر گجرات نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کہیں صفائی سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش ہو تو فوری طور پر 1139 یا ضلعی کنٹرول روم سے رجوع کریں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔
یاد رہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر جانوروں کی قربانی کے بعد صفائی کے مؤثر انتظامات شہری صحت اور ماحولیاتی بہتری کے لیے ناگزیر سمجھے جاتے ہیں۔