مکہ مکرمہ میں ایک روح پرور موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر دورہ سعودی عرب کے دوران عمرہ کی سعادت حاصل کی۔
اس اہم موقع پر ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے،پاکستانی وفد نے حرم شریف میں نہ صرف عمرہ ادا کیا بلکہ ملکی سلامتی، ترقی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے بھی خصوصی دعائیں کیں۔
وفد نے فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو بھی یاد رکھا اور ان کی آزادی اور امن کے لیے دعائیں مانگیں۔
اس بابرکت موقع پر وزیراعظم اور آرمی چیف کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا، جو کہ ایک منفرد اعزاز ہے، دونوں رہنماؤں نے خانہ کعبہ کے اندر نوافل ادا کیے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
انہوں نے امت کی وحدت، علاقائی امن، اور بنیان مرصوص کی طرح متحد قوم کی دعا بھی کی،اس سے قبل جدہ پہنچنے پر گورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ جلاوی، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر نواف بن سعید المالکی، اور پاکستانی سفیر احمد فاروق سمیت اعلیٰ سعودی اور پاکستانی حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی ولی عہد محمد بن سلمان سے ایک اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں تجارت، سرمایہ کاری اور مسلم اُمہ کے اجتماعی مفادات پر گفتگو ہوگی۔
وزیراعظم حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران سعودی عرب کے تعمیری کردار پر بھی سعودی قیادت کا شکریہ ادا کریں گے، یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی سمت ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔