لودھراں میں پولیس نے 9 سال قبل اغوا ہونے والی خاتون کو بازیاب کروا لیا ہے جبکہ اس واقعے میں ملوث چار ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کارروائی منی یزمان کے علاقے میں انجام دی گئی، جہاں خاتون کو بازیاب کرایا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار شدہ ملزمان صدر دنیا پور پولیس کی مطلوبہ فہرست میں شامل تھے اور گزشتہ 9 سال سے فرار تھے۔ ان کے خلاف پہلے سے مقدمہ درج تھا۔ ترجمان پولیس نے کہا کہ خاتون کی بازیابی ایک بڑا چیلنج تھا، تاہم آئی ٹی ٹیم اور دنیا پور سرکل پولیس کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں یہ کامیابی ممکن ہو سکی۔
سی سی ڈی کے ڈائریکٹر آپریشنز نے کہا کہ پولیس اپنے فرائض میں کبھی غفلت نہیں برتتی اور عوام کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جرائم پیشہ افراد اور اشتہاری مجرموں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔