پیرس، فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں انہیں اہلیہ بریجیت میکرون کی جانب سے تھپڑ پڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب صدر میکرون ویتنام کے سرکاری دورے پر جہاز سے اترنے ہی والے تھے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جیسے ہی صدر میکرون جہاز کے دروازے کے قریب پہنچے، ان کی اہلیہ نے اچانک ہاتھ اٹھا کر انہیں تھپڑ مار دیا۔ یہ غیر متوقع لمحہ کیمرے کی آنکھ میں قید ہوگیا اور چند ہی لمحوں میں ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز سے اترتے وقت صدر میکرون نے رسمی طور پر اہلیہ کی جانب بازو بڑھایا، مگر بریجیت میکرون نے ان کے بازو کو تھامنے سے گریز کیا، جس سے دونوں کے درمیان کشیدگی کا تاثر مزید گہرا ہو گیا۔
ابتدائی طور پر فرانسیسی حکام نے اس واقعے کی تردید کی، تاہم بعد ازاں اسے محض ایک "ذاتی مذاق” قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ یہ سنجیدہ نوعیت کا واقعہ نہیں تھا۔
سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو پر مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔ کچھ نے اس واقعے کو ہنسی مذاق میں لیا، جبکہ بعض صارفین نے اسے صدر میکرون کی ذاتی زندگی میں ممکنہ تناؤ کی علامت قرار دیا ہے۔
تاحال فرانسیسی ایوان صدر کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باقاعدہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔