راولپنڈی ، سکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں کارروائی کرتے ہوئے 6 خوارج کو ہلاک کر دیاگیا۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے 21 فروری کو کرک میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیاگیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر نشانہ بنایا، جس میں 6 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ کرک میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کو آرمی چیف کو برطانیہ میں ملنے والی عزت اور وقار ہضم نہیں ہورہا، سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ آرمی چیف برطانیہ کے دورے پر ہیں جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جس سے پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا، پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی پوری دنیا معترف ہے۔
عطا تارڑ کا کنا ہے کہ مٹھی بھر شرپسند عناصر سوشل میڈیا پر مہم چلا رہے ہیں جبکہ کچھ لوگوں نے احتجاج بھی کیا، تاہم محب وطن پاکستانیوں نے شرپسند عناصر کی اس مہم کو مسترد کر دیا ہے۔
